سلو اوور ریٹ: بھارت اور ویسٹ انڈیز پر جرمانہ، شائے ہوپ کی ریکارڈ اننگز

نیو چندی گڑھ(ویب ڈیسک) بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تیسرے اور آخری ون ڈے میں سلو اوور ریٹ پر دونوں ٹیموں کو جرمانے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق مقررہ وقت میں مطلوبہ اوورز مکمل نہ کرنے پر بھارتی ٹیم پر میچ فیس کا 20 فیصد جبکہ ویسٹ انڈیز پر 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔ وقت کی دی گئی رعایتوں کو شمار کرنے کے بعد بھارت 4 اوورز جبکہ ویسٹ انڈیز 2 اوورز پیچھے رہی۔
آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف میچ ریفریز کے رکن پرکاش بھٹ نے دونوں ٹیموں پر جرمانے عائد کیے۔ دونوں کپتانوں نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے مجوزہ سزائیں قبول کرلیں، جس کے باعث معاملے پر باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
دوسری جانب آخری ون ڈے میں ویسٹ انڈیز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو شکست دے دی۔ بھارت نے تین میچوں کی سیریز پہلے ہی 0-2 سے اپنے نام کرلی تھی، تاہم فیصلہ کن میچ میں ویسٹ انڈیز نے 352 رنز کا ہدف کامیابی سے حاصل کرکے نیا ریکارڈ قائم کردیا۔
ویسٹ انڈیز کی کامیابی میں شائے ہوپ کی ناقابلِ شکست 162 رنز کی شاندار اننگز نے اہم کردار ادا کیا۔ یہ ون ڈے کرکٹ میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے کامیابی سے حاصل کیا جانے والا سب سے بڑا ہدف قرار دیا گیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اب پانچ میچوں پر مشتمل ٹی ٹونٹی سیریز کا آغاز 6 اکتوبر سے ہوگا۔



