آنتوں کے کینسر سے بچاؤ کا ممکنہ راز سامنے آگیا،مخصوص غذائیں خطرہ52فیصد تک گھٹانے میں مددگار

لاہور(جانوڈاٹ  پی کے)دنیا بھر میں آنتوں کے کینسر کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے اور خاص طور پر 50 سال سے کم عمر افراد میں اس مرض کی شرح بڑھنے پر ماہرین تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔

دسمبر 2024 میں طبی جریدے Lancet Oncology میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق یورپ، شمالی افریقا، ایشیا اور اوشیانا سمیت دنیا کے مختلف خطوں میں کم عمر افراد میں آنتوں کے کینسر کے کیسز بڑھ رہے ہیں۔ تاہم اس اضافے کی مکمل وجوہات تاحال واضح نہیں ہوسکیں۔

اب ایک نئی تحقیق میں اس حوالے سے امید افزا پیش رفت سامنے آئی ہے۔ طبی جریدے Frontiers میں شائع تحقیق کے مطابق فائٹو کیمیکلز سے بھرپور غذاؤں کا استعمال آنتوں کے کینسر کے خطرے میں نمایاں کمی سے منسلک پایا گیا ہے۔

تحقیق میں 980 افراد کو شامل کیا گیا، جن میں 490 آنتوں کے کینسر میں مبتلا تھے۔ شرکا سے غذائی عادات سے متعلق سوالنامے پُر کروائے گئے اور ان کی خوراک میں فائٹو کیمیکلز کی مقدار کا تخمینہ لگایا گیا۔

فائٹو کیمیکلز مختلف نباتاتی مرکبات پر مشتمل ہوتے ہیں، جن میں پولی فینولز، فلیونوئڈز اور کیروٹین شامل ہیں۔ یہ مرکبات بیریز، سبز پتوں والی سبزیوں، بیجوں، دالوں، سالم اناج، گریوں اور چائے سمیت متعدد غذاؤں میں پائے جاتے ہیں۔

تحقیق کے نتائج کے مطابق فائٹو کیمیکلز سے بھرپور غذاؤں کا زیادہ استعمال آنتوں کے کینسر کے خطرے میں 52 فیصد تک کمی سے منسلک تھا۔

محققین نے واضح کیا کہ ان غذاؤں کو کسی ایک ’’سپر فوڈ‘‘ کے طور پر پیش نہیں کیا جاسکتا، تاہم نتائج اس بات کا عندیہ دیتے ہیں کہ نباتاتی مرکبات سے بھرپور متوازن غذا آنتوں کے کینسر کے خطرے کو کم کرنے میں کردار ادا کرسکتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button