خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی؟ محسن نقوی اور فیصل کنڈی کی ملاقات میں اہم اتفاق

پشاور (جانو ڈاٹ پی کے) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان گورنر ہاؤس پشاور میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں صوبے میں بڑھتی بدامنی، سیاسی صورتحال اور پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال سمیت مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران لانگ مارچ کے دوران دہشت گردوں کو سکیورٹی چیک پوسٹوں سے بحفاظت گزارنے کی مبینہ سہولت کاری کے خدشے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔

ملاقات میں مذاکراتی عمل کے دوران دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں سے متعلق صوبائی حکومت کے رویے اور کردار پر بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا اور اسے عوام اور صوبے کے مفادات کے منافی قرار دیا گیا۔

گورنر اور وفاقی وزیر داخلہ نے مؤقف اختیار کیا کہ مسائل کے حل پر اتفاق کے بعد صوبائی حکومت کی جانب سے دوبارہ مؤقف تبدیل کرنا غیر ذمہ دارانہ طرز عمل ہے۔

ملاقات میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور صوبائی وزرا کی جانب سے لانگ مارچ کے دوران ہیلی کاپٹر اور دیگر سرکاری وسائل کے استعمال کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلوں کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی گفتگو ہوئی اور مختلف معاملات پر مشاورت کی گئی۔

اس موقع پر اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ خیبرپختونخوا کو دہشت گردی اور تباہی سے محفوظ رکھنے کے لیے اگر صدر پاکستان اور وزیراعظم پاکستان گورنر راج یا ایمرجنسی نافذ کرنا ضروری سمجھیں تو گورنر ہاؤس اپنی آئینی ذمہ داری کے تحت بھرپور کردار ادا کرے گا۔

مزید خبریں

Back to top button