آئیں ذرا،آپکا مکمل بندوبست کرینگے،پی ٹی آئی پاکستان کیساتھ ہے یاافغانستان کیساتھ؟عطاتارڑکابڑاسوال

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے الزام عائد کیا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت دہشتگردوں کو تحفظ دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور صوبائی حکومت کی دہشتگردی کے خلاف مؤثر اقدامات کرنے کی کوئی خواہش نہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی دوغلی پالیسی ترک کرنے کو تیار نہیں، شہریوں کا تحفظ نہ کرنا خیبرپختونخوا حکومت کی ناکامی ہے، جبکہ پی ٹی آئی والے یوٹرن لینے کے ماہر ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے سوال اٹھایا کہ پی ٹی آئی پاکستان کے ساتھ ہے یا افغانستان کے ساتھ؟ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی فائدے پاکستان سے لیتی ہے لیکن حمایت افغانستان کی کرتی ہے۔
عطا تارڑ نے دعویٰ کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ترجیح صرف ایک قیدی کو رہا کروانا ہے، جبکہ صوبائی حکومت کو انسداد دہشتگردی کے لیے 700 ارب روپے مل چکے ہیں۔
انہوں نے پی ٹی آئی پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے حوالے سے بھی تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی نے کبھی کالعدم ٹی ٹی پی کی مذمت نہیں کی۔ عطا تارڑ نے پی ٹی آئی کو کالعدم ٹی ٹی پی کی ’’بی ٹیم‘‘ اور ٹی ٹی اے کی ’’سی ٹیم‘‘ قرار دیا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ان کے مطابق خیبرپختونخوا میں دہشتگردی پھیلنے کی ذمہ دار صوبائی حکومت ہے اور صوبے میں حکومت چلانا پی ٹی آئی کے بس کی بات نہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ ’’آئیں ذرا، آپ کا مکمل بندوبست کریں گے‘‘، کسی کو امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔



