میچ میں اچانک ہاتھا پائی، میکسیکن اسٹار نے امریکی کھلاڑی کو دونوں ہاتھوں سے تھپڑ جڑ دیے

میکسیکوسٹی (جانوڈاٹ پی کے)میکسیکو کے اسٹار فٹبالر میٹیو شاویز نے میچ کے دوران امریکی حریف سباستین برہالٹر کو دونوں ہاتھوں سے تھپڑ مار دیا، جس پر ریفری نے انہیں فوری طور پر ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا۔
میچ کے 67ویں منٹ میں پیش آنے والے اس عجیب و غریب واقعے کے بعد میکسیکو کو 10 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا پڑا۔ امریکی ٹیم نے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے میکسیکو کو 3-0 سے شکست دے دی۔
رپورٹ کے مطابق امریکی ٹیم میچ میں میکسیکو پر واضح طور پر حاوی تھی، جس کے دوران میٹیو شاویز کا غصہ بڑھتا گیا اور انہوں نے اچانک سباستین برہالٹر کے چہرے پر دونوں ہاتھوں سے تھپڑ مار دیا۔
ریڈ کارڈ کے بعد میکسیکو کے لیے میچ مزید مشکل ہوگیا اور بالآخر اسے تین گول کے بھاری فرق سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی، جہاں فٹبال مداح میٹیو شاویز کے غیر معمولی انداز پر مختلف تبصرے کرتے رہے۔ بعض صارفین نے اس واقعے کو مذاقاً ایسے بیان کیا جیسے وہ مچھر مارنے کی کوشش کر رہے ہوں۔
میکسیکو کے لیے یہ میچ ایک تلخ تجربہ ثابت ہوا، جہاں ایک جانب اسٹار کھلاڑی کو میدان سے باہر ہونا پڑا اور دوسری جانب ٹیم کو امریکی حریف کے ہاتھوں 3-0 کی شکست برداشت کرنا پڑی۔



