ٹنڈو غلام علی: مبینہ ڈکیتی گروہ کے خلاف کارروائی، زخمی سمیت 6 ملزمان گرفتار

ماتلی (اے۔ایم۔گدی\جانوڈاٹ پی کے) ٹنڈو غلام علی پولیس نے گلاب لغاری روڈ پر چاکر شاخ کے قریب مبینہ طور پر ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث 6 رکنی گروہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص کو زخمی حالت میں گرفتار کرنے سمیت 6 افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ ٹنڈو غلام علی انسپکٹر عاشق علی لنڈ پولیس اہلکاروں کے ہمراہ معمول کے گشت پر تھے کہ آلٹو کار میں سوار 6 افراد کو مشکوک جان کر رکنے کا اشارہ کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے رکنے کے بجائے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی، جس پر جوابی کارروائی کی گئی۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں احسان میئو راجپوت زخمی ہوگیا، جسے گرفتار کرلیا گیا، جبکہ محمد شامر، محمد یوسف، عبدالغفور، نادر علی اور محمد مرید کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کے قبضے سے 3 غیر قانونی پستول بمعہ ایمونیشن، ایک لاکھ 25 ہزار 500 روپے نقد، سونے اور چاندی کے زیورات جبکہ غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی۔
پولیس کے مطابق برآمد ہونے والی نقد رقم، زیورات اور غیر ملکی کرنسی ضلع میرپورخاص کے علاقے کوٹ غلام محمد میں عبدالرشید راجپوت کے گھر میں مبینہ ڈکیتی کے دوران لوٹی گئی تھی۔
گرفتار افراد کے خلاف تھانہ ٹنڈو غلام علی میں مقدمات درج کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے، جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے گروہ کی دیگر وارداتوں اور ممکنہ ساتھیوں کے حوالے سے تفتیش جاری ہے۔



