معیاری تعلیم کے لیے شعبہ تدریس مضبوط بنانا ناگزیر ہے، صدر مملکت

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان میں معیاری تعلیم اور نوجوانوں کے لیے مواقع میں اضافے کے لیے شعبہ تدریس کو مضبوط بنانا ناگزیر ہے، اساتذہ کی تعلیم، پیشہ ورانہ ترقی اور معاون تدریسی ماحول میں مسلسل سرمایہ کاری جاری رکھنا ہوگی۔
عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے پاکستان سمیت دنیا بھر کے اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے تعلیم، انسانی ترقی اور قومی تعمیر میں ان کی گراں قدر خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ اساتذہ ہر تعلیمی نظام کا مرکز و محور ہیں جو طلبہ کو علم فراہم کرنے کے ساتھ تحقیق و جستجو، کردار سازی اور معاشرے کا ذمہ دار رکن بننے کے لیے ضروری مہارتیں اور اقدار بھی فراہم کرتے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ مصنوعی ذہانت سمیت ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی نے تعلیم اور تدریس کے طریقہ کار کو تبدیل کردیا ہے۔ ٹیکنالوجی تدریس اور سیکھنے کے عمل میں معاون ثابت ہوسکتی ہے، تاہم یہ اساتذہ کی ہمدردی، رہنمائی، اخلاقی تربیت اور طلبہ کو سمجھنے اور متاثر کرنے کی صلاحیت کا متبادل نہیں بن سکتی۔
انہوں نے زور دیا کہ استاد اور طالب علم کے درمیان انسانی تعلق کو تعلیمی عمل کا محور برقرار رکھتے ہوئے اساتذہ کو نئی ٹیکنالوجیز کے استعمال کے لیے مکمل معاونت فراہم کی جانی چاہیے۔
صدر مملکت نے دور دراز، پسماندہ اور مشکل حالات سے دوچار علاقوں میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ کو خصوصی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بہت سے بچوں کے لیے معیاری تعلیم کا انحصار براہ راست ان کے استاد کی محنت اور عزم پر ہوتا ہے۔
انہوں نے حکومتوں، تعلیمی اداروں، والدین، کمیونٹیز، سول سوسائٹی اور نجی شعبے پر زور دیا کہ وہ تدریسی پیشے کو مضبوط بنانے اور اساتذہ کے مقام و مرتبے میں اضافے کے لیے مل کر کام کریں۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ اساتذہ کی معاونت پاکستان کی تعلیم اور مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔ انہوں نے تمام پاکستانی اساتذہ کی لگن، صبر، استقامت اور خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت آنے والی نسلوں کے علم، کردار اور امنگوں کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔



