لاہور ہائیکورٹ ملتان بینچ: 26 روز میں 1289 مقدمات اور درخواستیں نمٹا دی گئیں

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس غلام سرور نہنگ نے ملتان بینچ میں 7 ستمبر سے 2 اکتوبر 2026 کے دوران 26 روز میں مجموعی طور پر 1289 مقدمات اور درخواستیں نمٹا دیں۔

عدالتی کارکردگی کے اعدادوشمار کے مطابق جسٹس غلام سرور نہنگ نے سنگل بینچ کی حیثیت سے 911 مقدمات کے فیصلے کیے، جبکہ جسٹس محمد طارق ندیم اور جسٹس غلام سرور نہنگ پر مشتمل ڈویژن بینچ نے 378 مقدمات نمٹائے۔

ڈویژن بینچ کے 378 فیصلوں میں 132 تازہ، 144 ریگولر اور 102 فوری نوعیت کے مقدمات شامل تھے۔ ان مقدمات میں فوجداری اپیلیں، بریت اور سزا کے خلاف اپیلیں، قتل کے ریفرنسز، ضمانتیں، نظرثانی درخواستیں اور مختلف نوعیت کی رٹ درخواستیں شامل رہیں۔

اعدادوشمار کے مطابق ڈویژن بینچ نے 79 ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستیں نمٹائیں، جبکہ بریت کے خلاف 46 اور سزا کے خلاف 28 اپیلوں کے فیصلے کیے گئے۔ اسی طرح 19 قتل کے ریفرنسز اور انسداد منشیات کے مقدمات میں سزا کے خلاف 26 اپیلوں سمیت دیگر فوجداری مقدمات بھی نمٹائے گئے۔

دوسری جانب جسٹس غلام سرور نہنگ پر مشتمل سنگل بینچ نے 911 مقدمات اور درخواستیں نمٹائیں، جن میں 216 تازہ، 404 ریگولر اور 291 فوری نوعیت کے مقدمات شامل تھے۔

سنگل بینچ نے 220 ضمانت قبل از گرفتاری اور 52 ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستوں کے فیصلے کیے، جبکہ 40 ہیبیس کارپس درخواستیں بھی نمٹائی گئیں۔

عدالتی اعدادوشمار کے مطابق پولیس کو مقدمہ درج کرنے کی ہدایت سے متعلق 87 رٹ درخواستیں، پولیس کو ہدایات سے متعلق 22 درخواستیں اور ایف آئی آر خارج کرنے سے متعلق 32 درخواستیں بھی نمٹائی گئیں۔

اسی طرح ہراساں کیے جانے کے خلاف 134 درخواستوں کے فیصلے کیے گئے، جبکہ حراست اور ہیبیس کارپس سے متعلق 58 درخواستیں، ایم پی او کے تحت حراست سے متعلق 18 درخواستیں اور میڈیکل بورڈ سے متعلق 16 درخواستیں بھی نمٹائی گئیں۔

رپورٹ کے مطابق اینٹی کرپشن، تفتیش، ماتحت عدالتوں کو ہدایات، ضمانت اور دیگر فوجداری معاملات سے متعلق درخواستوں کے فیصلے بھی کیے گئے۔

اعدادوشمار کے مطابق 7 ستمبر سے 2 اکتوبر 2026 تک ملتان بینچ میں مجموعی طور پر 348 تازہ، 548 ریگولر اور 393 فوری نوعیت کے مقدمات نمٹائے گئے۔

یوں 26 روز کے دوران لاہور ہائیکورٹ ملتان بینچ کے سنگل اور ڈویژن بینچز نے مجموعی طور پر 1289 مقدمات اور درخواستوں کے فیصلے کیے۔

مزید خبریں

Back to top button