برطانیہ میں فضائی بحران، ہزاروں پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار

لندن (جانو ڈاٹ پی کے) برطانیہ میں فضائی ٹریفک کنٹرول کے نظام میں خرابی کے باعث ایک ہزار سے زائد پروازیں منسوخ جبکہ 2 ہزار سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار ہوگئیں، جس سے فضائی سفر کا نظام شدید متاثر ہوا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیتھرو، گیٹ وِک، مانچسٹر اور اسٹینسٹیڈ ایئرپورٹس سمیت مختلف ہوائی اڈوں پر مجموعی طور پر 1300 سے زائد پروازیں متاثر ہوئیں۔ایوی ایشن رپورٹس کے مطابق گزشتہ دو روز کے دوران برطانیہ میں 2 ہزار سے زائد پروازیں تاخیر یا منسوخی کا شکار ہوئیں، جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔رپورٹس کے مطابق صورتحال پر ایک ایئرلائن کے چیف ایگزیکٹو نے برطانیہ کے قومی فضائی ٹریفک کنٹرول ادارے این اے ٹی ایس کے چیف ایگزیکٹو مارٹن رولف سے استعفے کا مطالبہ بھی کیا۔دوسری جانب این اے ٹی ایس کے چیف ایگزیکٹو مارٹن رولف نے نظام میں پیدا ہونے والی خرابی پر معذرت کرتے ہوئے سائبر حملے کے امکان کو مسترد کر دیا ہے۔



