دہشت گردی اور لانگ مارچ، بلاول بھٹو نے خیبرپختونخوا حکومت سے بڑا مطالبہ کردیا

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں صوبے کی سیاسی اور امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے بلاول بھٹو زرداری کو ڈیرہ اسماعیل خان، ہنگو، ٹانک اور کوہاٹ سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعات سے متعلق بریفنگ دی۔ذرائع کے مطابق گفتگو کے دوران افغانستان سے آنے والے ڈرون کو اہداف تک پہنچنے سے قبل مار گرائے جانے کے معاملے پر بھی بلاول بھٹو زرداری کو تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔بلاول بھٹو زرداری نے خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی اور موجودہ جنگی صورتحال سے نمٹنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے 4 اکتوبر کے مجوزہ لانگ مارچ کو بھی غیرمشروط طور پر ختم کرنے کی بات کی۔یہ رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال اور پی ٹی آئی کے اسلام آباد لانگ مارچ کے معاملے پر وفاقی و صوبائی سطح پر سیاسی مشاورت جاری ہے۔ گورنر فیصل کریم کنڈی پہلے بھی موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر لانگ مارچ مؤخر کرنے کی اپیل کر چکے ہیں۔



