پرائیویٹ حجاج کیلئے اہم ڈیڈ لائن،حج کمپنیوں کے خلاف شکایات20اکتوبر تک

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وزارتِ مذہبی امور نے گزشتہ سال حج ادا کرنے والے پرائیویٹ حجاج کو پرائیویٹ حج کمپنیوں کے خلاف شکایات اور اعتراضات جمع کرانے کے لیے 20 اکتوبر 2026 تک کی مہلت دے دی۔

وزارتِ مذہبی امور کے مطابق گزشتہ سال کے پرائیویٹ حجاج اگر کسی حج کمپنی کی خدمات سے متعلق شکایت یا اعتراض رکھتے ہیں تو وہ مقررہ تاریخ سے قبل وزارت سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ شکایت کے ساتھ متعلقہ ثبوت اور دستاویزات فراہم کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

وزارت کے مطابق شکایات ڈاک یا ای میل کے ذریعے سیکشن افسر مانیٹرنگ کو ارسال کی جاسکتی ہیں۔ مقررہ تاریخ کے بعد موصول ہونے والی شکایات پر کارروائی نہیں کی جائے گی۔

وزارتِ مذہبی امور نے واضح کیا کہ اگر کسی پرائیویٹ حج کمپنی کے خلاف کوئی شکایت موصول نہ ہوئی تو پرفارمنس گارنٹی واپس کرنے کا عمل 20 اکتوبر کے بعد شروع کردیا جائے گا۔وزارت کے مطابق 20 اکتوبر 2026 کے بعد پرائیویٹ حج آپریٹرز سے متعلق معاملات کو حتمی طور پر نمٹا دیا جائے گا، اس لیے گزشتہ سال کے پرائیویٹ حجاج کو مقررہ مدت کے اندر اپنی شکایات اور اعتراضات جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button