سعودی عرب کا اسرائیل کو بڑا جواب، فوجی طیارے بھیجنے کی درخواست مسترد

ریاض (جانو ڈاٹ پی کے)سعودی عرب نے ہنگامی لینڈنگ کرنے والی فلائی دبئی کی پرواز میں سوار اسرائیلی مسافروں کو واپس لے جانے کے لیے اسرائیلی فوجی طیاروں کو سعودی حدود میں آنے کی اجازت دینے کی درخواست مسترد کردی۔
رائٹرز کے مطابق دو سعودی سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیل نے درخواست کی تھی کہ اس کے فوجی طیارے سعودی عرب پہنچ کر پرواز کے اسرائیلی مسافروں کو واپس لے جائیں، تاہم سعودی حکام نے یہ درخواست قبول نہیں کی۔
ذرائع کے مطابق اسرائیلی فضائیہ مسافروں کی واپسی کے لیے سی-130 جے سپر ہرکیولس طیارے بھیجنے کی تیاری کر رہی تھی۔
فلائی دبئی کی پرواز FZ1073 دبئی سے تل ابیب جارہی تھی کہ دورانِ پرواز ہنگامی صورتحال کے باعث اسے سعودی عرب کے شہر تبوک میں اتارنا پڑا۔ طیارے میں موجود مسافروں کو بعد ازاں فلائی دبئی کی دوسری پرواز کے ذریعے اپنی منزل تک پہنچانے کا انتظام کیا گیا۔
اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے مطابق پرواز کے کو پائلٹ نے مبینہ طور پر پائلٹ پر چاقو سے حملہ کرنے کے بعد طیارہ گرانے کی کوشش کی تھی، تاہم مسافروں نے اسے قابو کرلیا اور طیارے کو سعودی عرب میں بحفاظت اتار لیا گیا۔
سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔ رائٹرز کے مطابق سعودی حکومت کے میڈیا دفتر نے اس معاملے پر تبصرے کی درخواست کا فوری جواب نہیں دیا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سعودی عرب کو اسرائیل کے ساتھ ابراہیم معاہدوں میں شامل کرنے پر زور دیتے رہے ہیں، تاہم سعودی عرب فلسطینی ریاست کے قیام کی جانب پیش رفت کے بغیر اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے سے گریز کرتا رہا ہے۔



