ٹرمپ سے فون پر رابطہ، مودی نے تجارت اور دفاع سمیت اہم معاملات اٹھا دیے

نئی دہلی (جانو ڈاٹ پی کے) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون، تجارت، دفاع اور اہم ٹیکنالوجیز سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
بھارتی وزیراعظم کے دفتر کے مطابق بدھ کو ہونے والی گفتگو کے دوران نریندر مودی اور ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت اور امریکا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی سطح پر ہونے والی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا جبکہ عالمی امن اور سلامتی کے فروغ کے لیے جاری کوششوں پر بھی گفتگو کی۔رپورٹس کے مطابق دونوں رہنماؤں نے بھارت اور امریکا کے درمیان جامع عالمی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
نریندر مودی اور ڈونلڈ ٹرمپ نے دونوں ممالک کے عوام کے مفاد میں باہمی تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔رائٹرز کے مطابق یہ رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب بھارت اور امریکا کے درمیان تجارتی معاہدے سے متعلق مذاکرات بھی جاری ہیں۔



