ٹیکس گوشواروں کی تاریخ میں توسیع کا جعلی خط وائرل، ایف بی آر کا اہم اعلان سامنے آگیا

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے خط کو ایف بی آر نے جعلی قرار دے دیا۔ایف بی آر ترجمان کے مطابق انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آج آخری تاریخ ہے اور تاریخ میں توسیع کا تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ترجمان نے واضح کیا کہ ایف بی آر کی جانب سے توسیع سے متعلق کوئی سرکلر جاری نہیں کیا گیا۔ایف بی آر نے ٹیکس دہندگان کو ہدایت کی ہے کہ وہ آج رات 12 بجے سے قبل اپنے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرا دیں۔دوسری جانب مختلف کاروباری تنظیموں کی جانب سے گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کیا جا رہا ہے، جبکہ ذرائع نے تاریخ میں توسیع کا امکان بھی ظاہر کیا ہے، تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔



