این سی سی آئی اے کا نام بدلنے کی تجویز، اب ’’سائبر پولیس‘‘ ہوگا؟

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے لاہور دفتر کے دورے کے موقع پر ادارے کا نام تبدیل کرکے ’’سائبر پولیس‘‘ رکھنے کی تجویز سامنے آگئی۔ذرائع کے مطابق ڈی جی این سی آئی اے علی ناصر رضوی نے وزارت داخلہ کو ادارے کا نام مختصر اور جامع بنانے کی تجویز پیش کی ہے۔ تجویز میں کہا گیا ہے کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے بجائے ادارے کا نام ’’سائبر پولیس‘‘ رکھا جائے تاکہ عام شہریوں کے لیے اسے سمجھنا اور پکارنا آسان ہو۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نام تبدیل کرنے کے ساتھ ساتھ ادارے کے مختلف عہدوں کے نام بھی پولیس کے مروجہ عہدوں کے مطابق تبدیل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔تجویز کے مطابق اگر ادارے کا نام سائبر پولیس رکھا جاتا ہے تو ڈی جی کا عہدہ تبدیل کرکے آئی جی سائبر پولیس کیا جا سکتا ہے، جبکہ ڈائریکٹر کی جگہ ایس ایس پی اور ڈپٹی ڈائریکٹر کی جگہ ایس پی کا عہدہ رکھنے کی تجویز ہے۔اسی طرح اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے عہدے کو ڈی ایس پی سے تبدیل کرنے کی تجویز بھی زیر غور لائی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق ڈی جی این سی آئی اے کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ موجودہ نام طویل ہونے کے باعث عام لوگوں کو اسے بولنے اور یاد رکھنے میں دشواری پیش آتی ہے، اس لیے ادارے کا نام مختصر، واضح اور جامع ہونا چاہیے۔واضح رہے کہ 27 ستمبر کو لاہور میں این سی سی آئی اے کے سینٹرل زون ہیڈکوارٹرز کے دورے کے دوران وزیر داخلہ محسن نقوی نے ادارے کو جدید سائبر پولیس فورس بنانے کی ہدایت کی تھی۔ سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے سائبر جرائم، آن لائن مالیاتی فراڈ، ڈیجیٹل بلیک میلنگ اور آن لائن ہراسانی کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت بھی کی تھی۔



