ہم پر تنقید کریں یا تعریف، میڈیا آزاد ہے، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سردار محمد سرفراز ڈوگر نے کہا ہے کہ میڈیا آزاد ہے، عدلیہ پر تنقید کرے یا تعریف، صحافیوں کو اپنی رائے کے اظہار کا حق حاصل ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سینٹر کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس میں چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر، جسٹس محمد اعظم خان اور جسٹس راجا انعام امین منہاس سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ چیف جسٹس نے ہائیکورٹ میڈیا سینٹر کا افتتاح کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے میڈیا نمائندگان کو مبارکباد دی اور کہا کہ آزاد میڈیا کے لیے ہائیکورٹ میڈیا سینٹر کا افتتاح کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحافی چاہیں تو عدلیہ پر تنقید کریں یا تعریف، میڈیا اپنی ذمہ داریاں آزادی کے ساتھ ادا کرنے میں آزاد ہے۔
افتتاحی تقریب میں پراسیکیوٹر جنرل منظور احمد ججہ، ایڈیشنل اٹارنی جنرل راشد حفیظ، رجسٹرار یار محمد ولانہ، ایڈیشنل رجسٹرار نور محمد مرزا اور ڈپٹی رجسٹرار سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
صدر ہائیکورٹ بار واجد گیلانی، جنرل سیکرٹری بیرسٹر قاسم نواز عباسی، مختلف لاء افسران اور اسلام آباد ہائیکورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن سے وابستہ کورٹ رپورٹرز نے بھی تقریب میں شرکت کی۔



