لاہور ہائیکورٹ: رمشا اقبال کے خلاف مقدمہ خارج کرنے کی درخواست پر سماعت 6 اکتوبر تک ملتوی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) لاہور ہائیکورٹ نے اداکارہ مومنہ اقبال کی بہن اور وکیل رمشا اقبال کے خلاف مقدمہ خارج کرنے کی درخواست پر سماعت 6 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

جسٹس عبہر گل نے رمشا اقبال ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار اپنے دیگر وکلا کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں، تاہم درخواست میں فریق ایم پی اے ثاقب چدھڑ کی جانب سے وکیل عدالت میں پیش نہ ہوسکے، جس کے باعث عدالت نے مزید کارروائی کے لیے سماعت ملتوی کردی۔

رمشا اقبال ایڈووکیٹ نے جسٹس آف پیس کی جانب سے ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے حکم کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔ عدالتی ریکارڈ کے مطابق جسٹس آف پیس نے ایم پی اے ثاقب چدھڑ کی درخواست پر رمشا اقبال کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا۔

لاہور ہائیکورٹ اس سے قبل جسٹس آف پیس کے 30 جون کو جاری کیے گئے اندراج مقدمہ کے حکم کو معطل کرچکی ہے۔ رمشا اقبال نے اپنی درخواست میں استدعا کر رکھی ہے کہ مقدمہ درج کرنے سے متعلق حکم کو کالعدم قرار دیا جائے۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت 6 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

مزید خبریں

Back to top button