ایف آئی اے میں پرائیویٹ فرنٹ مین کا انکشاف، سب انسپکٹر سلطان احمد نوکری سے فارغ

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) ایف آئی اے افسران کی جانب سے مبینہ طور پر پرائیویٹ افراد کو فرنٹ مین بنانے کا انکشاف ہوا ہے، جس پر ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون نے کارروائی کرتے ہوئے سب انسپکٹر سلطان احمد کو ملازمت سے برطرف کردیا۔
ذرائع کے مطابق سلطان احمد پر نااہلی، بدعنوانی اور ناجائز فائدے کے لیے نجی فرد کو استعمال کرنے کے الزامات کی تحقیقات میں الزامات درست ثابت ہوئے، جس کے بعد انہیں نوکری سے نکالنے کا فیصلہ کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کے سرکاری امور کی انجام دہی کے لیے نجی شخص کو ذاتی منشی کے طور پر رکھنے پر بھی کارروائی کی گئی۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون سید شہزاد ندیم بخاری نے افسران کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری کاموں کے لیے ذاتی منشی رکھنے پر مکمل پابندی ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اس پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے افسر کے ساتھ متعلقہ سرکل انچارج کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے نے زون میں نجی افراد کے غیر مجاز داخلے کو بھی ناقابل قبول قرار دیا۔دریں اثنا ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن افضل نیازی کو دیگر افسران کی نگرانی اور ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔



