شہباز شریف نے لندن اسٹاک ایکسچینج میں تاریخ رقم کردی، خطاب کرنے والے پہلے پاکستانی وزیراعظم بن گئے

لندن (جانو ڈاٹ پی کے) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لندن اسٹاک ایکسچینج کا دورہ کیا اور مارکیٹ اوپن تقریب میں شرکت کی، جہاں انہیں خطاب کا موقع بھی ملا۔ رپورٹ کے مطابق وہ لندن اسٹاک ایکسچینج میں منعقدہ ایسی تقریب سے خطاب کرنے والے پاکستان کے پہلے وزیراعظم ہیں۔
لندن اسٹاک ایکسچینج گروپ کے سی ای او ڈیوڈ سوئمر اور دیگر سینئر حکام نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ انہیں لندن اسٹاک ایکسچینج کی تقریب میں مدعو کیا جانا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ برسوں کے دوران معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے بھرپور محنت کی ہے اور ان کے مطابق ملک کے میکرو اکنامک اشاریے مسلسل بہتری کی جانب گامزن ہیں۔
شہباز شریف نے 3 ارب ڈالر کے یورو بانڈز کے اجرا کو بھی معیشت کی مضبوطی کی مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ بانڈز کا دوبارہ اجرا پاکستان کی معیشت کو درست سمت میں لے جانے کی جانب اہم قدم ہے۔دورہ لندن کے دوران وزیراعظم نے بارکلیز، جے پی مورگن، سٹی، بلیک راک اور روتھ شیلڈ اینڈ کو کے اعلیٰ حکام سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں پاکستان کے معاشی اصلاحاتی ایجنڈے، معاشی استحکام، سرمایہ کاری کے ماحول اور عالمی مالیاتی شعبے کے ساتھ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم نے عالمی مالیاتی اداروں اور بینکوں کے نمائندوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری اور اپنی کاروباری سرگرمیوں کو وسعت دینے کی دعوت دی۔ ملاقاتوں کے دوران پاکستانی کیپٹل مارکیٹس، تجارتی فنانسنگ، انویسٹمنٹ بینکنگ، ایکویٹیز اور فکسڈ انکم میں تعاون کے امکانات بھی زیر بحث آئے۔حکومتی اعلامیے کے مطابق عالمی مالیاتی اداروں کے حکام نے پاکستان کے معاشی اصلاحاتی عمل میں پیش رفت کے حوالے سے اعتماد کا اظہار کیا اور مالیاتی شعبے میں تعاون و روابط مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ملاقاتوں میں وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری و چیئرمین نجکاری کمیشن محمد علی بھی موجود تھے۔



