ٹھٹھہ سے نوجوان پراسرار طور پر لاپتا، ایک ہفتہ گزر گیا، اہل خانہ کا اغوا کا شبہ

ٹھٹھہ ( جاويد لطيف ميمن )ٹھٹھہ کے کوہستانی علاقے جنگشاہی کے قریب (7/4) کوہستان سے نوجوان یامین شورو گزشتہ ایک ہفتے سے پراسرار طور پر لاپتا ہے۔ نوجوان کے اہل خانہ شدید پریشان ہیں۔ متعدد مقامات پر تلاش اور پولیس کو اطلاع دینے کے باوجود نوجوان کا کوئی سراغ نہ مل سکا، جس پر ورثاء نے اسے اغوا کیے جانے کا شبہ ظاہر کرتے ہوئے بازیابی میں مدد کی اپیل کی ہے اس سلسلے میں یونین کونسل ڈومانی کے علاقے بگھاڑ موری کے قریب گوٹھ حاجی محمد علی شورو کے رہائشی بزرگ شفیع محمد شورو نے پریس کلب ٹھٹھہ پہنچ کر صحافیوں کو بتایا کہ ایک ہفتہ قبل 21 ستمبر کی رات ان کا نوجوان بھتیجا یامین ولد ولی محمد شورو، جنگشاہی کے قریب 7/4 اگئی کوہستان میں اپنی کوہستانی زمین پر کام کے دوران پراسرار طور پر لاپتا ہوگیا انہوں نے بتایا کہ یامین شورو کی مختلف مقامات پر تلاش کی گئی اور متعلقہ پولیس کو بھی اطلاع دی گئی، تاہم تاحال اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ شفیع محمد شورو نے خدشہ ظاہر کیا کہ برادری کے بعض افراد، جن سے ان کی نااتفاقی چل رہی ہے، نے کسی نامعلوم وجہ کی بنا پر یامین شورو کو اغوا کرکے لاپتا کیا ہو سکتا ہے، جس کے باعث انہیں نوجوان کی جان کو بھی خطرہ لاحق ہونے کا خدشہ ہے۔انہوں نے ایس ایس پی ٹھٹھہ، سیشن جج ٹھٹھہ، ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ، منتخب نمائندوں اور دیگر متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ لاپتا نوجوان یامین شورو کی تلاش اور مبینہ بازیابی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، واقعے کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں اور اگر کوئی ملوث پایا جائے تو اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، تاکہ نوجوان کے اہل خانہ کو پریشانی سے نجات مل سکے۔



