ڈگری جعلی ہونے کا ثبوت پیش کریں،احسن بھون کاکیپٹن (ر)صفدرکوبڑاقانونی چیلنج

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)ایڈووکیٹ محمد احسن بھون نے اپنی ایل ایل بی کی ڈگری کو جعلی قرار دینے کے مبینہ بیان پر کیپٹن (ر) محمد صفدر کو 5 ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوا دیا۔
قانونی نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ احسن بھون کی ایل ایل بی ڈگری کو جعلی قرار دینے سے متعلق مبینہ بیان بے بنیاد اور ہتک آمیز ہے۔ نوٹس کے مطابق محمد احسن بھون نے مارچ 1989 میں پنجاب یونیورسٹی سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی، جبکہ 1989 میں لوئر کورٹس کے ایڈووکیٹ اور 1992 میں ہائیکورٹ کے ایڈووکیٹ کے طور پر انرول ہوئے۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ محمد احسن بھون 19 جولائی 2003 کو سپریم کورٹ کے ایڈووکیٹ کے طور پر انرول ہوئے، جبکہ 21 جنوری 2026 کو پنجاب یونیورسٹی نے ان کی اسناد کو تصدیق شدہ قرار دیا۔قانونی نوٹس کے مطابق 23 ستمبر کو سپریم کورٹ کے باہر احسن بھون کی ڈگری جعلی قرار دینے کا مبینہ بیان دیا گیا، تاہم ڈگری جعلی ہونے کے الزام کے ساتھ کوئی مستند دستاویزی ثبوت یا سرکاری ریکارڈ پیش نہیں کیا گیا۔نوٹس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اگر ڈگری سے متعلق کوئی مستند ریکارڈ موجود نہیں تو اسے جعلی قرار دینے کا بیان واپس لیا جائے۔ مؤقف میں کہا گیا ہے کہ کسی عوامی بیان یا الزام کی بنیاد پر کسی ڈگری کی قانونی حیثیت طے نہیں کی جاسکتی۔احسن بھون کے مطابق مبینہ بیان سے ان کی ساکھ اور پیشہ ورانہ حیثیت متاثر ہوئی۔ قانونی نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ مطالبات پر عمل نہ کیا گیا تو کیپٹن (ر) محمد صفدر کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔



