فٹبالر کے ٹخنوں تک لمبے بال مخالفین کے لیے مصیبت بن گئے،2کھلاڑی ریڈ کارڈ لے بیٹھے

سینٹ جانز (جانو ڈاٹ پی کے) کونکاکاف نیشنز لیگ کے ایک میچ میں انگویلا کے 36 سالہ فٹبالر اسکیپیو کے غیر معمولی طور پر لمبے بال توجہ کا مرکز بن گئے، جنہیں روکنے کی کوشش میں مخالف ٹیم کے دو کھلاڑی ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر ہوگئے۔
انگویلا کو اینٹیگا اینڈ باربوڈا کے ہاتھوں 0-5 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم میچ میں سب سے زیادہ دلچسپ صورتحال اسکیپیو کے تقریباً ٹخنوں تک پہنچنے والے بالوں کے باعث پیدا ہوئی۔
اسکیپیو 69ویں منٹ میں اس وقت میدان میں اترے جب انگویلا پہلے ہی پانچ گول کے خسارے میں تھی۔ میچ کے آخری مرحلے میں ان کے لمبے بال مخالف کھلاڑیوں کے لیے غیر معمولی مسئلہ بن گئے۔
میچ کے اختتامی لمحات میں اینٹیگا اینڈ باربوڈا کے کھلاڑی کیون گرین نے گیند کے ساتھ آگے بڑھنے والے اسکیپیو کو روکنے کے لیے ان کے بال پکڑ لیے، جس پر ریفری نے انہیں براہ راست ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا۔
اس کے بعد انجری ٹائم میں ایک اور کھلاڑی شالون نائٹ نے بھی اسکیپیو کو روکنے کے لیے ان کے بال کھینچے، جس پر انہیں بھی ریڈ کارڈ دکھا دیا گیا۔
یوں 0-5 کی شکست والے میچ میں انگویلا کے کھلاڑی اسکیپیو کے لمبے بالوں نے ایسا دلچسپ منظر پیدا کیا کہ اینٹیگا اینڈ باربوڈا کے دو کھلاڑی انہیں روکنے کی کوشش میں میدان سے باہر ہوگئے۔



