ٹرمپ کی ایران سے متعلق دھمکی پر تہران کا اقوام متحدہ سے رجوع

نیویارک (جانو ڈاٹ پی کے) ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ایران کے حوالے سے دیے گئے سخت بیان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے معاملہ اقوام متحدہ کے سامنے اٹھا دیا۔

ایرانی حکام کے مطابق اقوام متحدہ میں ایران کے ناظم الامور غلام حسین درزی نے 27 ستمبر کو سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اور سلامتی کونسل کے صدر جیروم بونافون کو خط ارسال کیا۔

خط میں 22 ستمبر کو جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس سے ڈونلڈ ٹرمپ کے خطاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ امریکی صدر نے ایران کے ساتھ معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں اسے ’’مٹانے‘‘ کی بات کی تھی۔ اقوام متحدہ نے بھی ٹرمپ کی تقریر کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ انہوں نے ایران کے سامنے معاہدے اور ’’تباہی‘‘ کے درمیان انتخاب کی بات کی تھی۔

ایرانی سفیر نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ معاملہ اس لیے زیادہ سنگین ہے کیونکہ مذکورہ بیان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے پلیٹ فارم سے دیا گیا، جو عالمی امن، بین الاقوامی تعاون اور ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کے فروغ کے لیے قائم اہم عالمی فورم ہے۔

ایرانی مؤقف کے مطابق کسی رکن ملک کو تباہ کرنے کی دھمکی دینا اقوام متحدہ کے اصولوں اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے تشویش کا باعث ہے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے بھی ٹرمپ کے بیان کے اگلے روز جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران دھمکی یا طاقت کے سامنے نہیں جھکے گا، تاہم نیویارک میں امریکی اور ایرانی حکام کے درمیان بالواسطہ سفارتی رابطے بھی جاری رہے۔

مزید خبریں

Back to top button