یمن میں فضائی حملہ،7افراد ہلاک،40زخمی،بچوں کے بھی متاثر ہونے کا دعویٰ

صنعا (جانو ڈاٹ پی کے)یمن کے صوبہ تعز میں ماویہ جنکشن کے قریب مبینہ فضائی حملے میں 7 افراد ہلاک جبکہ 40 زخمی ہوگئے۔یمنی حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فورسز نے ماویہ جنکشن پر حوثیوں کے ایک مبینہ فوجی کیمپ اور وہاں موجود گاڑیوں کو فضائی حملے میں نشانہ بنایا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ حوثی جنگجوؤں نے حال ہی میں مارکیٹ کے قریب ایک فوجی کیمپ قائم کیا تھا، جسے حملے کا ہدف بنایا گیا۔دوسری جانب حوثیوں کی وزارت صحت نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ حملہ ماویہ جنکشن کے قریب ایک مارکیٹ میں دکانوں پر کیا گیا۔حوثی وزارت صحت کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔ تاہم حملے کے مقام اور ہدف سے متعلق فریقین کے دعووں میں اختلاف پایا جاتا ہے۔واقعے کے بعد علاقے میں صورتحال کشیدہ ہوگئی ہے جبکہ حملے میں ہونے والے جانی نقصان اور ہدف سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔



