برطانیہ میں امریکی فضائی اڈے کے قریب دہشتگردی کامنصوبہ ناکام،5افرادگرفتار

فیئر فورڈ (جانو ڈاٹ پی کے)برطانیہ میں امریکی فضائیہ کے زیرِ استعمال RAF Fairford ایئربیس کے قریب پولیس نے دھماکا خیز مواد اور دہشت گردی سے متعلق جرائم کے شبے میں پانچ افراد کو گرفتار کرلیا، جبکہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر قریبی علاقے کے 85 گھروں کو خالی کرا لیا گیا۔

رائٹرز کے مطابق برطانوی کاؤنٹر ٹیررازم پولیس کو اتوار کی علی الصبح اطلاع ملی تھی کہ تین مشتبہ وینز فوجی اڈے کی جانب بڑھ رہی ہیں۔ مسلح پولیس اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے پانچ افراد کو حراست میں لیا، جنہیں دہشت گرد کارروائی کی تیاری کے شبے میں زیرِ تفتیش رکھا گیا ہے۔

پولیس نے ایئربیس کے گرد تقریباً 400 میٹر کا حفاظتی حصار قائم کردیا، جبکہ بم ڈسپوزل ٹیم نے مشتبہ وینز کا معائنہ شروع کیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ فی الحال قابو میں ہے، تاہم تحقیقات ابتدائی مرحلے میں ہیں اور گرفتار افراد سے متعلق مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

رائٹرز کے مطابق تفتیش سے واقف ایک ذریعے نے بتایا کہ واقعے میں ایران سے منسلک محرکات کو زیادہ امکان کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، تاہم روسی تخریبی کارروائی یا کسی اسلام پسند گروہ سے متعلق امکان بھی زیرِ غور ہے۔ پولیس نے ان میں سے کسی امکان کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔

برطانوی کاؤنٹر ٹیررازم پولیس کی سینئر نیشنل کوآرڈینیٹر وکی ایونز نے کہا کہ تحقیقات ابتدائی مراحل میں ہیں اور پانچ افراد حراست میں ہیں، جبکہ پولیس واقعے کے حالات جاننے کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گرفتاریوں کو سراہتے ہوئے دعویٰ کیا کہ مشتبہ افراد ’’بڑا نقصان‘‘ پہنچانے کی کوشش میں تھے اور امریکی و برطانوی حکام طویل عرصے سے ان کی نگرانی کررہے تھے۔

RAF Fairford میں امریکی فضائیہ کے اہلکار موجود ہیں اور یہ اڈہ ایران سے متعلق امریکی فوجی کارروائیوں کے لیے بھی استعمال ہوتا رہا ہے۔ واقعے کے بعد برطانیہ کے دیگر امریکی استعمال والے فوجی اڈوں، جن میں RAF Lakenheath اور RAF Mildenhall شامل ہیں، پر بھی سیکیورٹی بڑھا دی گئی۔

مزید خبریں

Back to top button