دہشت گردی کے خلاف جنگ، پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے،وزیراعظم

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔وزیراعظم کے مطابق گزشتہ 96 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 71 سے زائد دہشت گرد ہلاک کیے گئے، جو ان کے بقول سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کا مظہر ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو کلیئر کیا، جس کے نتیجے میں مقامی آبادی کو دہشت گردی کے خطرے سے نجات دلانے میں مدد ملی۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ حکومت کا عزم ہے، جبکہ عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی۔

اس سے قبل 25 ستمبر کو بھی وزیراعظم نے بلوچستان میں مختلف کارروائیوں کے دوران 33 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا تھا۔ سرکاری رپورٹ کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا تھا۔

مزید خبریں

Back to top button