امریکا میں طاقتور نور ایسٹر کا قہر، مشرقی ساحلی علاقے بارش اور سیلاب کی لپیٹ میں

واشنگٹن (جانو ڈاٹ پی کے)امریکا میں رواں سیزن کا پہلا طاقتور نور ایسٹر مشرقی ساحل سے ٹکرا گیا، جس کے باعث نیویارک، نیوجرسی سمیت متعدد ساحلی علاقوں میں شدید بارش، تیز ہواؤں اور سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔موسمی صورتحال کے باعث سڑکیں اور رہائشی علاقے زیرآب آگئے جبکہ تیز ہواؤں کے نتیجے میں درخت گرنے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔ امریکی نیشنل ویدر سروس نے نیویارک میں ونڈ ایڈوائزری اور ساحلی سیلاب کی وارننگ جاری کر رکھی ہے۔رپورٹس کے مطابق طوفان کے باعث خطے میں تقریباً ایک لاکھ صارفین بجلی سے محروم ہوئے، جبکہ شدید موسم کے باعث سفری سرگرمیاں بھی متاثر ہوئی ہیں۔
نیویارک اور نیوجرسی کے متاثرہ علاقوں میں حکام نے ہنگامی اقدامات کیے ہیں اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔ شدید بارش اور تیز ہواؤں کے باعث شہری علاقوں میں سیلاب کا خطرہ برقرار ہے۔نیشنل ویدر سروس کے مطابق نور ایسٹر کے باعث شمالی مڈ اٹلانٹک سے نیو انگلینڈ تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے، جبکہ ساحلی علاقوں میں سیلاب اور تیز ہواؤں کا خطرہ بھی برقرار رہے گا۔



