عراق کی فتح کے بعد میدان میں ہنگامہ، عراقی اور کویتی کھلاڑی گتھم گتھا

جدہ (جانو ڈاٹ پی کے)جدہ میں جاری 27ویں عربین گلف کپ کے میچ میں عراق نے کویت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3-2 سے شکست دے دی، تاہم میچ کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان تلخ کلامی کے بعد دھکم پیل اور ہاتھا پائی ہوگئی۔

مقابلے میں عراق کی جانب سے زیدان اقبال نے 52ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، جسے کویت کے یوسف ناصر نے 75ویں منٹ میں پنالٹی پر گول کرکے برابر کردیا۔سیف رشید نے 83ویں منٹ میں عراق کو ایک بار پھر برتری دلائی، تاہم یوسف ناصر نے 90ویں منٹ میں اپنا دوسرا گول کرکے اسکور 2-2 سے برابر کردیا۔

کویت کے عبدالوہاب العواضی کو انجری ٹائم میں ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔ اس کے چند ہی لمحوں بعد کرار نبیل نے اضافی وقت میں شاندار گول کرکے عراق کو 3-2 کی فیصلہ کن برتری دلا دی۔میچ کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑی میدان سے باہر جا رہے تھے کہ چند کھلاڑیوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا، جو دیکھتے ہی دیکھتے دھکم پیل میں تبدیل ہوگیا۔ ساتھی کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز نے مداخلت کرکے صورتحال کو قابو کیا۔عراق کے ایمن حسین نے کویت کے کپتان یوسف ناصر اور عراقی کھلاڑی زیدان اقبال کے درمیان معاملہ ختم کرانے کی کوشش بھی کی، تاہم کشیدگی کچھ دیر تک برقرار رہی۔فتح کے بعد عراق کے دو میچوں میں 4 پوائنٹس ہوگئے ہیں، جبکہ کویت کو دونوں میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور وہ اب تک کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کرسکا۔

مزید خبریں

Back to top button