رضا اللہ کے شاندار استقبال پر وسیم اکرم کی تنقید، 3-0 کی شکست کے باوجود جشن پر سوال

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) سابق پاکستانی فاسٹ بولر وسیم اکرم نے انگلینڈ کے خلاف ڈیبیو ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے نوجوان فاسٹ بولر رضا اللہ کے وطن واپسی پر ہونے والے شاندار استقبال پر سوال اٹھا دیا۔

وسیم اکرم نے مانچسٹر میں ایک چیریٹی تقریب کے دوران رضا اللہ کے استقبال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ کے ہاتھوں پاکستان کو سیریز میں 3-0 سے شکست ہوئی، ایسے میں ایک کھلاڑی کے استقبال کے لیے ہزاروں افراد کا ایئرپورٹ پہنچنا اور پھولوں کے ہار پہنانا ٹیم کی مجموعی سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے رضا اللہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان فاسٹ بولر باصلاحیت ہیں اور انہوں نے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میں متاثر کن کھیل پیش کیا، تاہم اس کے ساتھ یہ سوال بھی اہم ہے کہ ایک سیریز میں مکمل شکست کے بعد اس نوعیت کا جشن منانا کس حد تک مناسب ہے۔

انگلینڈ کے خلاف سیریز کے ابتدائی دو ٹیسٹ میچز میں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم میں تبدیلیاں کی گئیں اور متعدد کھلاڑیوں کو وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ ہیڈ کوچ سرفراز احمد کو بھی عہدے سے ریلیز کرنے کا فیصلہ سامنے آیا۔ اسی دوران نوجوان فاسٹ بولر رضا اللہ کو پہلی مرتبہ قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیا گیا۔

تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے رضا اللہ نے پہلی اننگز میں 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ دوسری اننگز میں جارحانہ 81 رنز بنا کر پاکستان کو اننگز کی شکست سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

شاندار انفرادی کارکردگی کے بعد رضا اللہ کی وطن واپسی پر اسلام آباد ایئرپورٹ پر بڑی تعداد میں مداحوں نے ان کا استقبال کیا۔

وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ رضا اللہ کی کارکردگی اپنی جگہ قابلِ تعریف ہے، لیکن قومی ٹیم کی مجموعی کارکردگی اور سیریز کے نتیجے کو بھی پیش نظر رکھنا چاہیے۔

مزید خبریں

Back to top button