بنگالی سنیما کی معروف اداکارہ میتھو مکھرجی71برس کی عمر میں چل بسیں

ممبئی (جانو ڈاٹ پی کے) بھارتی فلم انڈسٹری کی سینئر اداکارہ میتھو مکھرجی 71 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔ وہ ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں زیر علاج تھیں اور تقریباً ایک سال سے کینسر کے مرض سے لڑ رہی تھیں۔
میتھو مکھرجی نے 1970 اور 1980 کی دہائیوں میں بنگالی سنیما میں نمایاں مقام حاصل کیا اور اپنے دور کے معروف اداکاروں میں شمار ہوتی تھیں۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز 1972 میں فلم ’شیش پربا‘ سے کیا، جبکہ فلم ’مرجینا عبداللہ‘ میں مرکزی کردار نے انہیں وسیع شہرت دلائی۔
اداکارہ نے بنگالی سنیما کے کئی بڑے فنکاروں کے ساتھ کام کیا، جن میں اتم کمار، سومیترا چٹوپادھیائے اور رنجیت ملک شامل ہیں۔ ان کی معروف بنگالی فلموں میں ’نشی کنیا‘، ’موچک‘، ’سویام سدھا‘، ’ہوٹل اسنو فاکس‘، ’بھاگیہ چکر‘ اور ’سندھی‘ شامل ہیں۔
میتھو مکھرجی نے ہندی فلموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ 1976 میں انہوں نے ’خان دوست‘ کے ذریعے ہندی سنیما میں قدم رکھا، جس کے بعد ’سفید جھوٹ‘، ’دل لگی‘ اور ’دو لڑکے دونوں کڑکے‘ جیسی فلموں میں نظر آئیں۔
اداکارہ نے 1990 میں فلم ’آشریتا‘ کے ذریعے آخری مرتبہ پردۂ اسکرین پر کام کیا، جس کے بعد انہوں نے فلمی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کرلی اور زیادہ تر نجی زندگی گزاری۔
میتھو مکھرجی کے انتقال پر بھارتی فلمی صنعت سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور تنظیموں کی جانب سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔ اداکار پروسین جیت چٹرجی نے بھی سوشل میڈیا پر اداکارہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔
آل انڈیا سنیما ورکرز ایسوسی ایشن نے بھی میتھو مکھرجی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی بھارتی سنیما کے لیے خدمات اور فنی ورثے کو یاد کیا۔



