ایرانی صدر کی میڈیا ٹیم کو کوریج سے روکنے پر امریکا تنقید کی زد میں

تہران (جانو ڈاٹ پی کے) ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکی حکومت پر صحافیوں کی رسائی محدود کرکے معلومات چھپانے اور مبینہ طور پر غلط معلومات کی مہم کو آگے بڑھانے کا الزام عائد کیا ہے۔

امریکا نے ایرانی صدر کی میڈیا ٹیم کو ویزے دینے سے انکار کردیا

اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکی حکومت کی جانب سے غیر ملکی صحافیوں، جن میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی میڈیا ٹیم بھی شامل ہے، کو کوریج اور معلومات تک رسائی سے روکنا حقِ معلومات کی خلاف ورزی ہے۔

ایرانی ترجمان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان میں کہا کہ جب کوئی حکومت اپنے ہی ایسے امریکی صحافیوں کے لیے بھی دروازے بند کردے جن کی کوریج اسے پسند نہیں، اور غیر ملکی رپورٹرز کو بھی رسائی نہ دے، تو یہ محض رسائی کا انتظام نہیں بلکہ سچ چھپانے کی کوشش ہے۔

 

انہوں نے الزام عائد کیا کہ امریکی حکومت معلومات تک رسائی محدود کرکے غلط معلومات کی مہم کو آگے بڑھا رہی ہے۔

اسماعیل بقائی نے امریکی پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو ملک کبھی آہنی پردہ گرانے پر فخر کرتا تھا، آج خود ایک آہنی پردے کے پیچھے کھڑا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کے لیے جانے والی میڈیا ٹیم کے بعض ارکان کو امریکی ویزے نہ ملنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق امریکا نے صدر کی کمیونیکیشن ٹیم کے ارکان کے ویزے مسترد کیے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button