سنگیتا کا اپنی تیسری شادی سے متعلق بڑا انکشاف،14سال سے کس کے ساتھ زندگی گزار رہی ہیں؟

لاہور(جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان کی سینئر اداکارہ و ہدایتکارہ سنگیتا نے اپنی نجی زندگی سے متعلق اہم انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ گزشتہ 14 برس سے فلم انڈسٹری سے وابستہ ڈسٹری بیوٹر طارق میندرو کے ساتھ ازدواجی زندگی گزار رہی ہیں۔
حال ہی میں ایک ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے سنگیتا نے پہلی مرتبہ اپنی موجودہ شادی کے بارے میں تفصیل سے بات کی اور اپنی سابقہ ازدواجی زندگی کے تجربات بھی شیئر کیے۔
اداکارہ کے مطابق ان کی پہلی شادی ہمایوں قریشی جبکہ دوسری شادی نوید اکبر سے ہوئی تھی، تاہم دونوں رشتے ختم ہوگئے، جس کے بعد انہوں نے طارق میندرو سے تیسری شادی کی۔
سنگیتا نے بتایا کہ بیٹیوں کی شادیاں ہونے کے بعد انہیں اپنی زندگی میں تنہائی محسوس ہونے لگی تھی۔ اسی دوران طارق میندرو نے انہیں متعدد مرتبہ شادی کی پیشکش کی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ عمر بڑھنے کے ساتھ انسان کو ایک ایسے ساتھی کی ضرورت محسوس ہوتی ہے جو زندگی میں ساتھ دے، اسی سوچ کے تحت انہوں نے تیسری شادی کا فیصلہ کیا۔
اپنی موجودہ ازدواجی زندگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے سنگیتا نے کہا کہ ان کے شوہر نہ گالم گلوچ کرتے ہیں، نہ ہاتھ اٹھاتے ہیں اور نہ ہی بلاوجہ جھگڑا کرتے ہیں۔
سنگیتا کے مطابق اگر کبھی وہ خود غصے میں ہوں تو ان کے شوہر بحث کرنے کے بجائے خاموشی سے کمرے سے باہر چلے جاتے ہیں، جسے وہ اپنی ازدواجی زندگی میں سکون کی ایک اہم وجہ سمجھتی ہیں۔



