پاکستانی خاتون امپائر سلیمہ امتیاز ایشین گیمز فائنل میں نئی تاریخ رقم کریں گی

ناگویا (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان کی خاتون امپائر سلیمہ امتیاز منگل کو جاپان میں جاری ایشین گیمز 2026 کے ویمن کرکٹ فائنل میں فیلڈ امپائر کے فرائض انجام دے کر ایک اور اعزاز اپنے نام کریں گی۔
ایشین گیمز ویمن کرکٹ کا فائنل ٹاپ سیڈ اور دفاعی چیمپیئن بھارت جبکہ سیڈ 2 سری لنکا کے درمیان ناگویا کے کوروجی ایتھلیٹک پارک گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔ بھارت نے بنگلہ دیش کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی جبکہ سری لنکا نے سیمی فائنل میں پاکستان کو شکست دے کر ٹائٹل مقابلے کے لیے کوالیفائی کیا۔
کراچی سے تعلق رکھنے والی سلیمہ امتیاز پاکستان کی پہلی خاتون امپائر ہیں جنہوں نے انٹرنیشنل ویمنز کرکٹ مقابلوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیے۔
سلیمہ امتیاز اب تک 53 ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں فیلڈ امپائر جبکہ 15 میچز میں ٹی وی امپائر کے فرائض انجام دے چکی ہیں۔ اس کے علاوہ انہیں 6 ویمنز ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں فیلڈ اور 3 میں ٹی وی امپائر کی ذمہ داری نبھانے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
سلیمہ امتیاز سابق پاکستانی ویمن انٹرنیشنل کرکٹر کائنات امتیاز کی والدہ ہیں اور متعدد اہم بین الاقوامی مقابلوں میں امپائرنگ کر چکی ہیں، جن میں ویمنز ایشیا کپ کا فائنل بھی شامل ہے۔ آئی سی سی کے مطابق 2026 ویمنز ایشیا کپ کے فائنل میں بھی سلیمہ امتیاز آن فیلڈ امپائرز میں شامل تھیں۔
اب ایشین گیمز کے فائنل میں فیلڈ امپائر کی حیثیت سے ذمہ داری سنبھالنا سلیمہ امتیاز کے بین الاقوامی امپائرنگ کیریئر میں ایک اور اہم سنگِ میل ہوگا۔



