کینیا کی ایگنس نگیٹچ نے ہاف میراتھن کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا

کوپن ہیگن (جانو ڈاٹ پی کے) کینیا کی اسٹار ایتھلیٹ ایگنس نگیٹچ نے ورلڈ ایتھلیٹکس روڈ رننگ چیمپئن شپ میں شاندار کارنامہ انجام دیتے ہوئے خواتین کی ہاف میراتھن کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

25 سالہ ایگنس نگیٹچ نے 21.1 کلومیٹر کا فاصلہ صرف ایک گھنٹہ، 5 منٹ اور 15 سیکنڈ میں طے کیا اور سابق عالمی ریکارڈ کو صرف ایک سیکنڈ کے فرق سے پیچھے چھوڑ دیا۔

نگیٹچ نے ریس کے آغاز ہی سے سبقت برقرار رکھی اور آخری لمحات تک اپنی برتری قائم رکھتے ہوئے عالمی ریکارڈ کے ساتھ کامیابی حاصل کی۔

سابق عالمی ریکارڈ بھی کینیا کی ایتھلیٹ پیرس جیپچرچر کے پاس تھا، جنہوں نے 2020 میں ہاف میراتھن مکمل کرکے یہ ریکارڈ قائم کیا تھا۔

کینیا ہی کی ویرونیکا لولیو نے ریس میں دوسری پوزیشن حاصل کی، وہ نگیٹچ سے 50 سیکنڈ پیچھے رہیں۔

واضح رہے کہ خواتین کی ہاف میراتھن کا مجموعی عالمی ریکارڈ ایتھوپیا کی لیٹسن بیٹ گیدی کے پاس ہے، جنہوں نے 2021 میں یہ فاصلہ ایک گھنٹہ، 2 منٹ اور 52 سیکنڈ میں طے کیا تھا۔

ایگنس نگیٹچ کے لیے رواں سال یہ ایک اور بڑی کامیابی ہے۔ اس سے قبل وہ جنوری میں ورلڈ کراس کنٹری چیمپئن شپ بھی اپنے نام کرچکی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button