ایودھیا کے رام مندر میں عطیات کی مبینہ چوری، 105 واقعات سی سی ٹی وی میں ریکارڈ

نئی دہلی (جانو ڈاٹ پی کے) بھارت کے شہر ایودھیا میں رام مندر کے عطیات سے مبینہ چوری کے 105 واقعات کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے نشاندہی ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے اپنی رپورٹ بھارتی سپریم کورٹ میں پیش کردی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے عدالت کو بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج، گواہوں کے بیانات اور دیگر شواہد کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد مبینہ واقعات میں ملوث افراد کی شناخت کرلی گئی ہے۔
عدالت کو بتایا گیا کہ تحقیقات تقریباً مکمل ہوچکی ہیں اور استغاثہ کی چارج شیٹ 25 ستمبر تک عدالت میں جمع کرادی جائے گی۔
بھارتی حکومت کے سولیسٹر جنرل تشار مہتا نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ اب تک 8 ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے، جبکہ تحقیقات کے دوران سی سی ٹی وی ریکارڈنگ، گواہوں کے بیانات اور دیگر شواہد کا جائزہ لیا گیا۔
تحقیقاتی ٹیم کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج کے تجزیے کے دوران عطیات کی مبینہ چوری کے 105 واقعات سامنے آئے، جن کی بنیاد پر ملزمان کی نشاندہی کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق مندر میں قیمتی اشیا اور عطیات سے متعلق رسیدیں سافٹ ویئر کے ذریعے تیار کی جاتی ہیں، جبکہ قیمتی سامان اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے لاکر میں محفوظ کیا جاتا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سپریم کورٹ نے درخواست گزاروں کی جانب سے خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ کی نقل فراہم کرنے کی درخواست مسترد کردی۔



