پشاور ہائیکورٹ نے افغان میڈیکل طلبہ کی ملک بدری روک دی

پشاور (جانو ڈاٹ پی کے) پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان کے میڈیکل کالجز میں زیر تعلیم افغان طلبہ کو ملک بدر کرنے سے روک دیا۔

افغان میڈیکل طلبہ کی جانب سے دائر درخواستوں پر سماعت جسٹس وقار احمد اور جسٹس فرح جمشید پر مشتمل بینچ نے کی۔ عدالت نے درخواستوں پر فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرلیا۔

دورانِ سماعت درخواست گزاروں کے وکیل وسیم الدین خٹک ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے نوٹیفکیشن جاری کرکے میڈیکل کالجز میں زیر تعلیم افغان طلبہ کے داخلے منسوخ کردیے ہیں، جبکہ حکومت پاکستان میں مقیم افغان شہریوں کو ملک بدر کر رہی ہے۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مذکورہ افغان طلبہ کئی سال سے پاکستان کے میڈیکل کالجز میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، اس لیے تعلیم کے اس مرحلے پر ان کے داخلے منسوخ کرنا مناسب نہیں۔

عدالت نے فریقین کو افغان میڈیکل طلبہ کی ملک بدری سے روک دیا اور متعلقہ حکام کو آئندہ سماعت پر اپنا جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

مزید خبریں

Back to top button