وزیر داخلہ کی ایرانی ہم منصب سے ملاقات،پاکستان ایران دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق

تہران (جانو ڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سرکاری دورے پر ایران پہنچ گئے، جہاں ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔

ایران پہنچنے کے بعد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے ایرانی ہم منصب سکندر مومنی سے اہم ملاقات کی، جس میں پاک ایران دوطرفہ تعلقات، مختلف شعبوں میں جاری تعاون اور خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں جاری تعاون پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا جبکہ دوطرفہ روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔

ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی نے علاقائی امن و استحکام کے لیے وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کے شکر گزار ہیں۔

سکندر مومنی نے کہا کہ پاکستان کا حالیہ دورہ انتہائی مفید رہا اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے امکانات موجود ہیں۔

اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ آنے والے وقت میں پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور باہمی تعاون کو مختلف شعبوں میں وسعت دی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button