حکومت نے ایک سال کے لیے پٹرولیم لیوی ختم کرنے کی تجویزدیدی

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) جماعت اسلامی کے سپر لانگ مارچ کے دوسرے روز حکومت کی جانب سے ایک سال کے لیے پٹرولیم لیوی ختم کرنے کی تجویز سامنے آگئی، جس پر جماعت اسلامی کی ٹیکنیکل کمیٹی مشاورت کرے گی۔

ذرائع کے مطابق حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان جاری رابطوں میں ایک سال کے لیے پٹرولیم لیوی ختم کرنے کی تجویز زیرِ غور آئی ہے۔ جماعت اسلامی کی ٹیکنیکل کمیٹی حکومتی تجویز کا جائزہ لے گی، اور اگر کمیٹی نے تجویز کو مناسب قرار دیا تو مذاکرات میں بریک تھرو کا امکان پیدا ہوسکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے جماعت اسلامی کی قیادت سے لانگ مارچ روکنے کے لیے مسلسل رابطے کیے جا رہے ہیں، جبکہ لانگ مارچ رکوانے کے لیے حکومت کی جانب سے غیر معمولی اقدام بھی متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بھی جماعت اسلامی کی قیادت سے رابطہ کرکے انہیں اعتماد میں لیے جانے کا امکان ہے۔

دوسری جانب جماعت اسلامی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مارچ کے دوسرے روز قافلے کو روہڑی سے ملتان پہنچنا تھا، تاہم انتظامیہ کی ملی بھگت سے ٹرین کو غیر معمولی تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔ جماعت اسلامی کی جانب سے اس تاخیر پر تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔

جماعت اسلامی کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ عوام کو ریلیف ملنے اور پٹرولیم لیوی کے خاتمے تک لانگ مارچ جاری رہے گا۔

حکومت کی جانب سے پیش کی گئی تجویز پر جماعت اسلامی کی ٹیکنیکل کمیٹی کی مشاورت اور مذاکرات کے نتیجے کو آئندہ پیش رفت کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button