ایرانی صدر سے محسن نقوی کی ملاقات،پاک ایران روابط اور تعاون بڑھانے پر اتفاق

وزیر داخلہ محسن نقوی کی ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے تہران میں ملاقات ہوئی، مسعود پزشکیان نے پاکستان اور ایران کے درمیان مسلسل رابطے بڑھانے پر زور دیا۔

ایرانی صدر نے کہا کہ پاکستان اور ایران باہمی تعاون کو تمام شعبوں میں مزید مضبوط بنا سکتے ہیں، پاکستان اور ایران مقامی اور علاقائی صلاحیتوں سے اپنی ضروریات پوری کر سکتے ہیں، امریکی دباؤ نے مسلم ممالک میں مزید قربت اور روابط کو فروغ دیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان تجارت، معیشت، سیاحت اور سیاست سمیت تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے پرعزم ہے، پاکستان ثقافت اور سائنس کے شعبوں میں بھی ایران سے تعاون مزید وسعت دے گا۔

اس سے قبل  وزیر داخلہ محسن نقوی کی ایرانی ہم منصب اسکندر مومنی سے بھی ملاقات ہوئی تھی، جس میں  پاک ایران دو طرفہ تعلقات اور خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے درمیان مختلف شعبوں میں جاری تعاون پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

ایرانی وزیر داخلہ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کی مسلسل کاوشوں کے شکر گراز ہیں، پاکستان کا حالیہ دورہ بہت مفید رہا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ  آنے والے وقت میں دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ایران کے سرکاری دورے پر تہران پہنچے، ایئرپورٹ پر ان کا استقبال ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے کیا۔

 

مزید خبریں

Back to top button