گھوڑاباری میں مبینہ پولیس مقابلہ، 3 ملزمان گرفتار، 2 زخمی

ٹھٹھہ (جاوید لطیف میمن\جانوڈاٹ پی کے) گھوڑاباری کے علاقے پیر پٹھو میں پولیس اور مبینہ مسلح ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے بعد پولیس نے 3 ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جن میں سے 2 مبینہ طور پر زخمی حالت میں گرفتار ہوئے۔

پولیس کے مطابق پیر پٹھو کے قریب گیل موری روڈ پر مشتبہ مسلح افراد کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے تعاقب کے دوران فائرنگ کی، جس کے بعد پولیس کی جوابی کارروائی میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

پولیس کے مطابق کارروائی کے نتیجے میں 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ ان کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت راحیل پنہور، عبداللطیف پنہور اور عبدالوہاب پنہور کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کا دعویٰ ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 2 موٹر سائیکلیں اور 2 پستول برآمد کیے گئے ہیں۔ زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ گرفتار افراد کا مبینہ مجرمانہ ریکارڈ بھی چیک کیا جارہا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button