ٹھٹھہ میں انسداد پولیو مہم، 375 پولیس اہلکار سکیورٹی پر مامور

ٹھٹھہ (جاوید لطیف میمن\جانوڈاٹ پی کے) ایس ایس پی ٹھٹھہ عدیل حسین چانڈیو کی ہدایت پر ضلع بھر میں انسدادِ پولیو مہم کے دوران پولیو ٹیموں کی حفاظت کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

ٹھٹھہ پولیس کے ترجمان کے مطابق آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو اور ڈی آئی جی حیدرآباد رینج طارق رزاق خان کی ہدایات پر 21 ستمبر سے شروع ہونے والی انسدادِ پولیو مہم کے لیے ضلع بھر میں 375 پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

ایس ایس پی ٹھٹھہ کے مطابق پولیو ورکرز کو پولیس حصار میں فرائض انجام دینے کی سہولت فراہم کی جارہی ہے، جبکہ تمام فیلڈ افسران اور جوانوں کو جاری کردہ سکیورٹی پلان کے مطابق حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

انہوں نے ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو ہدایت کی کہ پولیو ٹیموں کے ساتھ مناسب پولیس نفری تعینات کی جائے، کسی بھی ہنگامی صورتحال پر فوری ردعمل دیا جائے اور علاقوں میں پٹرولنگ، پکٹنگ اور سول انتظامیہ کے ساتھ مؤثر رابطہ برقرار رکھا جائے۔

ایس ایس پی ٹھٹھہ نے افسران کو پولیو ٹیموں کی سکیورٹی، مہم کی حساس نوعیت اور حفاظتی اقدامات سے متعلق پولیس اہلکاروں کو باقاعدہ بریفنگ دینے کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ تمام فیلڈ افسران انسدادِ پولیو مہم پر خصوصی توجہ دیں اور ٹیموں کو مکمل تحفظ فراہم کریں۔ پولیو مہم کے دوران قائم کنٹرول روم سے لمحہ بہ لمحہ رابطہ رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کی فوری اطلاع دینے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

ایس ایس پی ٹھٹھہ نے واضح کیا کہ مہم کے دوران کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ پولیس اہلکاروں کو مشکوک افراد اور سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنے اور مہم کے اختتام تک پولیو ٹیموں کے ساتھ سکیورٹی ڈیوٹی انجام دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button