ٹنڈوالہ یار میں شادی کی تقریب کا کھانا کھانے سے 400 افراد متاثر

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) ٹنڈوالہ یار میں شادی کی تقریب کے دوران مبینہ طور پر مضر صحت کھانا کھانے سے دلہا دلہن سمیت تقریباً 400 افراد کی حالت غیر ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق کھانا کھانے کے بعد بڑی تعداد میں مہمانوں کی طبیعت اچانک خراب ہوئی اور متاثرہ افراد کو فوری طور پر مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ مریضوں کی بڑی تعداد ہسپتال پہنچنے پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی طبی ٹیموں کو ہنگامی بنیادوں پر تعینات کیا گیا، جبکہ زیادہ تر متاثرہ افراد کو ابتدائی طبی امداد اور علاج کے بعد ہسپتالوں سے ڈسچارج کردیا گیا۔

حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے شادی کی تقریب میں فراہم کیے گئے کھانے کے نمونے حاصل کرلیے ہیں، جنہیں مزید تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ پولیس اور کمشنر حیدرآباد سے رپورٹ طلب کرلی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ متاثرہ افراد کو فوری اور بہترین طبی امداد فراہم کی جائے اور متعلقہ ہسپتالوں میں ضرورت کے مطابق ایمرجنسی سہولیات یقینی بنائی جائیں۔

مراد علی شاہ نے واضح کیا کہ متاثرہ افراد کے علاج میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button