2027میں آسمان پر صدی کا طویل ترین مکمل سورج گرہن،پاکستان میں بھی دکھائی دے گا

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے): آسمان پر ایک غیر معمولی فلکیاتی منظر دیکھنے کے لیے دنیا بھر کے شائقینِ فلکیات کی نظریں 2 اگست 2027 پر جم گئی ہیں، جب 21ویں صدی کا طویل ترین مکمل سورج گرہن رونما ہوگا۔
مکمل سورج گرہن کے دوران چاند سورج کی پوری قرص کو ڈھانپ لے گا، جس کے باعث مکمل گرہن والے علاقوں میں دن کے وقت چند منٹ کے لیے رات جیسی تاریکی چھا جائے گی۔ مکمل گرہن کا زیادہ سے زیادہ دورانیہ تقریباً 6 منٹ 23 سیکنڈ رہنے کی توقع ہے۔
فلکیاتی حسابات کے مطابق گرہن کا راستہ بحر اوقیانوس سے شروع ہوکر اسپین، شمالی مراکش، شمالی الجزائر، شمالی تیونس، شمال مشرقی لیبیا، مصر، سوڈان، سعودی عرب، یمن اور صومالیہ کے بعض علاقوں سے گزرے گا، جبکہ اس کا اختتام بحر ہند میں چاغوس جزائر کے قریب ہوگا۔
پاکستان میں بھی 2 اگست 2027 کو سورج گرہن دیکھا جاسکے گا، تاہم یہاں یہ مکمل نہیں بلکہ جزوی ہوگا۔ ملک میں گرہن تقریباً دوپہر 2 بج کر 43 منٹ پر شروع ہونے اور شام 4 بج کر 51 منٹ تک جاری رہنے کی توقع ہے۔
اسلام آباد میں گرہن تقریباً 3 بج کر 14 منٹ پر شروع، 3 بج کر 47 منٹ پر عروج پر اور 4 بج کر 19 منٹ پر ختم ہونے کی توقع ہے، جبکہ کراچی میں یہ تقریباً 3 بجے شروع ہوکر شام 4 بج کر 48 منٹ تک جاری رہ سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق سورج گرہن کو براہِ راست آنکھ سے دیکھنے کے بجائے مخصوص سولر سیفٹی گلاسز یا محفوظ فلٹرز کا استعمال ضروری ہے، کیونکہ سورج کی تیز روشنی آنکھوں کو مستقل نقصان پہنچا سکتی ہے۔



