کراچی میں منشیات کا بڑا نیٹ ورک بے نقاب،دیوربھابھی گرفتار

کراچی(جانو ڈاٹ پی کے)لانڈھی میں کورنگی پولیس کی بڑی کارروائی، منشیات کی اسمگلنگ اور ملک بھر میں ترسیل کرنے والے مبینہ نیٹ ورک کے دو اہم ارکان دیور اور بھابھی گرفتار کرلیے گئے۔ ملزمان کے قبضے سے 19 کلو اعلیٰ کوالٹی کی آئس برآمد ہوئی، جس کی مالیت پولیس کے مطابق 25 کروڑ روپے سے زائد ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ایسٹ ڈاکٹر فرخ علی نے ایس ایس پی کورنگی فدا حسین جانوری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ کورنگی پولیس نے خفیہ اطلاع پر لانڈھی کے علاقے میں کارروائی کی اور منشیات کی ترسیل کے ایک بڑے نیٹ ورک کو بے نقاب کیا۔
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران گروہ کے دو اہم مبینہ ارکان، ذیشان اور اس کی بھابھی حرا کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے 19 کلو اعلیٰ کوالٹی کی آئس برآمد ہوئی۔ پولیس نے برآمد شدہ منشیات کی مالیت 25 کروڑ روپے سے زائد بتائی ہے۔
ڈی آئی جی ایسٹ کے مطابق نیٹ ورک کی مرکزی ملزمہ مہوش لاہور میں موجود ہے جبکہ حرا کا شوہر پرویز کراچی میں مفرور ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ ایک بڑا فیملی ریکٹ ہے، جس میں گرفتار ملزمہ حرا کا بیٹا بھی مبینہ طور پر شامل ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے آئس کے لیے ’’کوبرا 728‘‘ کے نام سے مبینہ برانڈ بنا رکھا تھا، جبکہ منشیات افغانستان سے اسمگل کرکے پاکستان کے مختلف علاقوں میں سپلائی کی جاتی تھی۔
ڈی آئی جی ایسٹ نے کارروائی کو کراچی پولیس کی منشیات فروش نیٹ ورکس کے خلاف اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پولیس منشیات کے کاروبار میں ملوث گروہوں کے خلاف عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
پولیس نے گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش شروع کردی ہے، جبکہ مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔



