فلپائن کے اسکول میں فائرنگ، 2 طالب علم ہلاک، 8 زخمی

منیلا (جانو ڈاٹ پی کے)فلپائن کے جنوبی علاقے میں ہائی اسکول کے اندر فائرنگ کے افسوسناک واقعے نے خوف و ہراس پھیلا دیا، 16 سالہ طالب علم کی فائرنگ سے 2 طلبا ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے، جبکہ حملہ آور نے بعد ازاں خود کو بھی گولی مار کر ہلاک کرلیا۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق فائرنگ کا واقعہ جمعہ کے روز جنوبی فلپائن کے صوبے ساؤتھ کوٹاباٹو کے شہر بانگا میں واقع بانگا نیشنل ہائی اسکول میں پیش آیا۔

بانگا کے میئر البرٹ پالینشیا کے مطابق فائرنگ میں ہلاک ہونے والے دونوں طلبا کی عمر 14 سال تھی، جبکہ حملہ آور 16 سالہ طالب علم تھا۔

حکام کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے تمام افراد بھی طلبا ہیں، جن کی عمریں 14 سے 17 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں، جبکہ زخمیوں میں سے 4 کی حالت تشویشناک ہے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ آور نے فائرنگ سے قبل دوپہر کے کھانے کے وقت اپنے دوستوں کو مبینہ طور پر بتایا تھا کہ وہ دوپہر کے بعد اپنے منصوبے پر عمل کرے گا اور انہیں گھر جانے کا مشورہ دیا تھا۔ تاہم دوستوں نے اس بات کو سنجیدہ نہیں لیا کیونکہ وہ اسے مذاق کرنے والا شخص سمجھتے تھے۔

حکام کے مطابق طالب علم نے دوپہر کے بعد اسکول میں فائرنگ شروع کردی اور متعدد طلبا کو نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور نے خود کو بھی گولی مار لی۔

پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔ تفتیش کاروں کے مطابق واقعے میں استعمال ہونے والا 9 ایم ایم پستول حملہ آور کے والد کا تھا، جو محکمہ تعلیم میں ملازم ہیں۔ پولیس اس بات کا بھی جائزہ لے رہی ہے کہ نابالغ طالب علم کو ہتھیار تک رسائی کیسے حاصل ہوئی۔

واقعے کے بعد بانگا کی پوری میونسپلٹی میں تمام سطحوں کی تدریسی سرگرمیاں معطل کردی گئی ہیں۔ فلپائن ریڈ کراس نے اطلاع ملنے کے بعد ایمبولینس اور چار طبی امدادی کارکن جائے وقوعہ پر روانہ کیے۔

رپورٹس کے مطابق یہ جون کے بعد رواں سال فلپائن میں اسکول کے اندر فائرنگ کا تیسرا مہلک واقعہ ہے، جس کے بعد تعلیمی اداروں میں طلبا کی سکیورٹی اور ہتھیاروں تک کم عمر افراد کی رسائی سے متعلق سوالات ایک بار پھر سامنے آگئے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button