بلوچستان میں پنجاب کے 5 افراد اغوا، پولیس کا بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع

قلعہ عبداللہ(جانو ڈاٹ پی کے) بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ کی تحصیل گلستان کے علاقے گردی پنکئی میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے 5 افراد کو مسلح موٹرسائیکل سوار افراد نے مبینہ طور پر اغوا کرلیا۔
پولیس کے مطابق مغوی افراد ایک مقامی تاجر کے کھیت سے خربوزے لوڈ کرنے کے لیے آئے تھے کہ اسی دوران مسلح موٹرسائیکل سوار افراد نے انہیں زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔
پولیس کے مطابق اغوا ہونے والوں میں انعام رضا، باقر حسین، محمد عدنان، محمد شہزاد اور محمد اذان شامل ہیں اور پانچوں کا تعلق پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان سے بتایا گیا ہے۔
واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے مغویوں کی بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے، جبکہ علاقے میں مختلف مقامات پر تلاش کا عمل جاری ہے۔
حکام کے مطابق مغویوں کی بحفاظت بازیابی کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، تاہم فوری طور پر اغوا کی وجوہات اور ملزمان کے بارے میں مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔



