مٹھی میں بھگت ماتورام کی روحانی پگڑی بڑے بیٹے کو پہنائی گئی، بڑی تعداد میں عقیدت مندوں کی شرکت

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے): تھرپارکر کے شہر مٹھی میں صوفی سنت اور روحانی پیشوا بھگت ہرداس کے جانشین آنجھانی بھگت ماتورام کی روحانی پگڑی کی رسم شری کرشن مندر مٹھی میں عقیدت و احترام کے ساتھ ادا کی گئی۔ اس موقع پر بھگت ماتورام کی پگڑی ان کے بڑے فرزند بھگت سنیل کو پہنائی گئی۔
پگڑی پہنانے کی رسم کا آغاز بھگت اشوک پنڈت نے گیتا کے شلوک پڑھ کر کیا، جس کے بعد پگڑی کی رسم ادا کی گئی۔ ایم این اے ڈاکٹر مہیش ملانی نے بھی بھگت سنیل کو پہنائی گئی پگڑی کو ور دیا، جبکہ بھگت دوئاری کے گدی نشین بھگت کنور رام کو بھی پگڑی پہنائی گئی۔
رسم کے دوران ماحول سوگوار اور جذباتی ہوگیا اور کئی عقیدتمند اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔ تقریب میں مٹھی کی پشکرنا برہمن برادری کے بڑی تعداد میں افراد، بھگت ماتورام کے مریدین، سیواداروں اور مختلف برادریوں سے تعلق رکھنے والے عقیدتمندوں نے شرکت کی۔
تقریب میں لجپت شرما، ڈاکٹر کیلاش جوشی، روی شنکر لوڈھا، پرتاب پرہوت، ششپال واسُو، نارائن داس جوشی، گوتم واسُو، مہیش جوشی اور کیلاش واسُو سمیت دیگر افراد شریک ہوئے۔ ہیمناڻي برادری سے شہدیئو، پربھو لال اور گوتم، جبکہ کلر راٹھی برادری سے وکرم راٹھی، پربھو لال راٹھی اور مدن لال راٹھی سمیت مختلف برادریوں کے افراد بھی موجود تھے۔
رسم کے بعد بھگت کنور رام، بھگت سنیل، بھگت اشوک پنڈت، ڈاکٹر مہیش ملانی، شسیل ملانی اور دیگر نے بھگت ہرداس کی دوئاری پہنچ کر دربار میں حاضری دی۔ اس موقع پر ملک میں امن، سلامتی، خوشحالی، ہندو مسلم بھائی چارے اور مریدین و سیواداروں کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
تقریب کے دوران بھجن اور بھاو بھی پیش کیے گئے، جس سے روحانی اور عقیدت مندانہ ماحول برقرار رہا۔
واضح رہے کہ بھگت ماتورام کے چولا بدلنے کے دن سے ہی ہرداس ہری دوئاری میں بھنڈاری، ست سنگ، پریم اور بھگتی کا سلسلہ جاری ہے، جہاں بھگت ماتورام کے بڑی تعداد میں عقیدتمند اور پریم بھگت شرکت کرکے روحانی سکون اور آنند حاصل کر رہے ہیں۔



