ٹنڈوباگو میں این آئی سی وی ڈی کا دل کے امراض کا ایمرجنسی سینٹر اچانک بند

ٹنڈوباگو (جانو ڈاٹ پی کے) این آئی سی وی ڈی کی جانب سے ٹنڈوباگو میں قائم دل کے امراض کے ایمرجنسی سینٹر کو اچانک ختم کیے جانے کے بعد علاقے کے عوام بالخصوص دل کے مریضوں کو علاج کی ایک اہم اور فوری طبی سہولت سے محروم کردیا گیا، این آئی سی وی ڈی حکام کی جانب سے ٹنڈوباگو سینٹر ختم کرنے کی وجوہات بھی تاحال واضح نہیں کی گئیں، ذرائع کے مطابق این آئی سی وی ڈی کے اعلیٰ حکام کے احکامات پر ٹنڈوباگو میں قائم دل کے امراض کے ایمرجنسی سینٹر کی مشینری، طبی آلات اور دیگر ضروری سامان وہاں سے منتقل کرکے ٹنڈومحمدخان منتقل کردیا گیا ہے، جس کے باعث ٹنڈوباگو سمیت گردونواح کے وسیع علاقے کے دل کے مریضوں کے لیے فوری طبی امداد کا ایک اہم مرکز بند ہوگیا ہے۔ سینٹر کے قیام سے ٹنڈوباگو، پنگریو، جھڈو، بدین اور دیگر قریبی علاقوں کے مریضوں کو دل کے امراض کی صورت میں بروقت طبی امداد میسر آتی تھی اور ہنگامی حالت میں مریضوں کو دور دراز شہروں کے اسپتالوں تک منتقل کرنے کی ضرورت کم ہوجاتی تھی، تاہم اچانک سینٹر ختم کیے جانے سے دل کے مریضوں اور ان کے اہلخانہ میں شدید تشویش پائی جارہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ دل کا دورہ یا دیگر سنگین قلبی عارضہ ایسی صورتحال ہوتی ہے جس میں چند منٹ کی تاخیر بھی مریض کی زندگی کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتی ہے، ایسے میں ٹنڈوباگو سے ایمرجنسی کارڈیک سہولت ختم کرکے مشینری دوسرے شہر منتقل کرنا عوام کو بنیادی اور فوری طبی سہولت سے محروم کرنے کے مترادف ہے۔ شہریوں کے مطابق ٹنڈوباگو اور گردونواح کے بیشتر علاقوں کے عوام پہلے ہی صحت کی ناکافی سہولیات، خستہ حال طبی مراکز اور ماہر ڈاکٹروں کی کمی جیسے مسائل کا سامنا کررہے ہیں، ایسے حالات میں دل کے امراض کے ایمرجنسی سینٹر کا خاتمہ علاقے کے ہزاروں مریضوں کے لیے مزید مشکلات پیدا کرے گا، خصوصاً غریب اور متوسط طبقے کے مریضوں کے لیے دور دراز شہر تک سفر کرنا نہ صرف مشکل بلکہ مہنگا بھی ہے جبکہ ہنگامی صورتحال میں طویل سفر مریض کی جان کو مزید خطرے میں ڈال سکتا ہے۔ عوامی حلقوں نے سوال اٹھایا ہے کہ اگر ٹنڈوباگو میں قائم سینٹر عوام کو طبی سہولت فراہم کررہا تھا تو اسے ختم کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئی اور اگر کسی انتظامی یا فنی وجہ سے سینٹر منتقل کرنا ضروری تھا تو عوام اور مقامی نمائندوں کو اعتماد میں کیوں نہیں لیا گیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں صحت کی سہولیات بڑھانے کے بجائے پہلے سے موجود سہولت ختم کرنا انتہائی تشویشناک اقدام ہے، حکومت اور محکمہ صحت کو عوام کو اس فیصلے کی واضح وجوہات بتانی چاہئیں۔ اس سلسلے میں عوامی نمائندوں اور شہریوں کی جانب سے این آئی سی ڈی کے۔ این آئی سی۔ وی ڈی کے۔ سی ای او ڈاکٹر ندیم قمر اور حلقے کے ایم این اے میر غلام علی تالپور اور این آئی سی وی ڈی کے سربراہ ڈاکٹر ندیم قمر شاہ سے بھی رابطہ کیا گیا تاہم شہریوں کے مطابق تاحال کوئی مثبت اور تسلی بخش جواب نہیں مل سکا ہے شھریوں نے حکومت سندھ،محکمہ صحت اور این آئی سی وی ڈی کےاعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے اس ٹنڈوباگو میں دل کے امراض کا ایمر جنسی سینٹر فوری بحال کیا جائے ۔

مزید خبریں

Back to top button