پشاور میں لانگ مارچ کے پیش نظر متعدد نجی اسکول بند

پشاور (جانوڈاٹ پی کے) پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کی پشاور آمد کے پیش نظر شہر کے متعدد نجی اسکول آج بند کردیئے گئے، جبکہ محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا نے سرکاری اسکولوں کی بندش کے حوالے سے واضح مؤقف جاری کردیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق مختلف نجی اسکولوں کی انتظامیہ نے راستوں کی ممکنہ بندش اور طلبہ و عملے کو درپیش سفری مشکلات کے پیش نظر ایک روز کے لیے تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسکول انتظامیہ کی جانب سے والدین کو واٹس ایپ گروپس کے ذریعے پیغامات بھیج کر تعطیل سے آگاہ کیا گیا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ کے باعث بعض راستے بند ہونے کی صورت میں طلبہ اور اسٹاف کو آمدورفت میں مشکلات پیش آسکتی ہیں، جس کے پیش نظر احتیاطی طور پر اسکول بند رکھے گئے ہیں۔

دوسری جانب محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کے مطابق صوبے کے سرکاری اسکول معمول کے مطابق کھلے ہیں اور ان کی عمومی طور پر چھٹی نہیں کی گئی۔

محکمہ تعلیم نے تاہم واضح کیا ہے کہ اگر کسی سرکاری اسکول کی انتظامیہ کو محسوس ہو کہ راستوں کی بندش کے باعث طلبہ یا عملے کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے تو متعلقہ اسکول ایک دن کے لیے بند رکھا جا سکتا ہے۔

محکمہ تعلیم کے اس مؤقف کے بعد اسکول انتظامیہ کو مقامی صورتحال اور طلبہ و عملے کی آمدورفت کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کرنے کی گنجائش دے دی گئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button