بدین میں میرواہ نہر کے قریب بوری بند لاش برآمد، دو مشتبہ افراد گرفتار

بدین (رپورٹ: مرتضیٰ میمن / جانو ڈاٹ پی کے) بدین شہر سے گزرنے والی میرواہ نہر کے قریب بوری میں بند ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے، جس کی شناخت حاکم علی شاہ کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق راہگیروں نے میرواہ نہر کے قریب بوری میں بند لاش دیکھ کر پولیس مددگار 15 پر اطلاع دی۔ اطلاع ملنے پر انچارج ایاز انصاری پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور لاش تحویل میں لے کر ڈاکٹر سکندر علی میندھرو انڈس سول اسپتال بدین منتقل کردی۔
پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نامعلوم افراد نے رات کے وقت مذکورہ شخص کو مبینہ طور پر قتل کرنے کے بعد لاش بوری میں بند کرکے نہر کے قریب پھینکی اور فرار ہوگئے۔
پولیس نے بتایا کہ مقتول کی شناخت حاکم علی شاہ کے طور پر ہوئی ہے، جو بدین کے نواحی گاؤں حاجی محمد پریل بلیدی، تحصیل ٹنڈو باگو کا رہائشی تھا۔ تاہم قتل کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آسکیں اور نہ ہی ملزمان کے بارے میں کوئی حتمی معلومات حاصل ہوسکی ہیں۔
دوسری جانب ٹنڈو باگو کے ایس ایچ او محمد انور لغاری پولیس ٹیم کے ہمراہ بدین پہنچے اور کارروائی کرتے ہوئے دو مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار افراد سے مزید تفتیش جاری ہے اور انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں جبکہ پولیس ملزمان تک پہنچنے اور قتل کی اصل وجوہات معلوم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔



